Dec ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • رفح گزرگاہ کے بارے میں اسرائیل جھوٹ بول رہا ہے: مصری وزیر خارجہ

مصر کے وزیر خارجہ نے رفح گزرگاہ کی یک طرفہ بحالی سے متعلق اسرائیلی دعوے کی تردید کی ہے اور زور دے کر کہا ہے کہ اسرائیل جھوٹ بول رہا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے قاہرہ کی جانب سے فلسطینیوں کے انخلا کے لئے رفح گزرگاہ کی یک طرفہ بحالی کے بارے میں غاصب اسرائیلی حکومت کے دعوے کو مسترد کردیا ہے اور زور دے کر کہا ہے "دنیا جانتی ہے کہ رفح گزرگاہ کا مصری حصہ مسلسل فعال ہے تاہم اسرائیل غزہ کی جانب سے اس گزرگاہ کی سرگرمی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔"

رپورٹ کے مطابق مصر کے وزیر خارجہ نے غاصب اسرائیلی حکام کے مصر کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کے بارے میں، جن میں فلسطینیوں کے انخلا کے لیے رفح کراسنگ کی یک طرفہ بحالی اور غزہ کے اندر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دعوے شامل ہیں، کہا ہے کہ یہ بیانات بیہودہ، حقائق کے برعکس اور جھوٹ پھیلانے کے مترادف ہیں۔

رفح گزرگاہ

 

عبدالعاطی نے کہا کہ اسرائیل نے شروع میں یہ دعویٰ کیا کہ رفح کراسنگ مصر کی جانب سے فعال نہیں ہے جو ایک بڑا جھوٹ ہے حالانکہ دنیا بخوبی جانتی ہے کہ یہ کراسنگ مصر کی جانب سے دن رات فعال ہے اور اصل مسئلہ دوسری جانب اسرائیلی حکومت کی ہٹ دھرمی اور ضد کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے میڈیا کے لئے جاری اپنے بیان میں اسرائیل کی جانب سے پیدا کی جانے والی تمام رکاوٹوں کو ختم کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔

بدر عبدالعاطی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ رفح کراسنگ دونوں طرف سے کھولی جائے تاکہ غزہ سے فلسطینی مریض علاج کے لیے باہر جا سکیں اور وہ فلسطینی جو بیرون ملک اپنا علاج مکمل کر چکے ہیں، واپس آ سکیں۔

مصر کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل روزانہ منظم اور کھلم کھلا غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے تاہم مصر جنگ بندی کے معاہدے کے استحکام پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امداد مناسب اور غزہ کے باشندوں کی ضروریات کے مطابق مقدار میں داخل ہونی چاہیے اور کہا کہ قابض حکام نے طویل عرصے تک امداد کے داخلے کو روک کر غزہ کے عوام پر قحط جیسے حالات مسلط کیے ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس