بنگلہ دیش: چٹاگانگ میں غیر معینہ مدت کے لئے ہندوستانی ویزا خدمات معطل
بنگلہ دیش میں بدامنی کے حالات کے پیش نظر چٹاگانگ میں واقع ہندوستانی ویزا سینٹر میں ویزا خدمات غیر معینہ مدت کے لئے معطل کردی گئی ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ہندوسنتانی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں طلبا لیڈر شریف عثمان ہادی کی موت کے بعد پیدا شدہ بدامنی کے پیشِ نظر ہندوستان نے چٹاگانگ میں واقع انڈین ویزا ایپلی کیشن سینٹر میں ویزا خدمات غیر معینہ مدت کے لئے معطل کر دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سیکورٹی خدشات کے باعث یہ فیصلہ اسسٹنٹ انڈین ہائی کمیشن پر حملوں اورمظاہروں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
انڈین ویزا ایپلی کیشن سینٹر کے بیان کے مطابق چٹاگانگ کے مذکورہ سینٹر پر ویزا خدمات ’’تا حکمِ ثانی‘‘ معطل رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ شہر میں ہندوستانی اسسٹنٹ ہائی کمیشن میں پیش آنے والے حالیہ سیکورٹی واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ویزا سینٹر دوبارہ کھولنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔
طلبا لیڈر شریف عثمان ہادی کی موت کے بعد بنگلہ دیش بھر میں احتجاج اورتوڑ پھوڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں جمعرات کو چٹاگانگ میں ہندوستانی اسسٹنٹ ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر پتھراؤ بھی شامل ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
شریف عثمان ہادی گزشتہ برس بنگلہ دیش میں طلبا کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے نمایاں لیڈر تھے جس کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا تھا۔ وہ آئندہ 12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے امیدوار بھی تھے۔ شریف عثمان ہادی کو 12 دسمبر کو ڈھاکہ کے ایک علاقے میں گولی مار کر شدید زخمی کردیا گیا تھا اور 18 دسمبر کو سنگاپور میں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی تھی۔