بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے استعفیٰ دے دیا
بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے 5 سالہ مدتِ صدارت ختم ہونے سےتقریباً 2 سال پہلے ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے جمعہ 24 جولائی کو صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی پانچ سالہ مدتِ صدارت سے تقریباً 2 سال پہلے ہی استعفیٰ دے دیا۔
76 سالہ محمد شہاب الدین نے جمعہ کو ملک کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ کہ ’’میں شدید بیمار ہوں، اس لیے میں اپنے آئینی عہدے کی ذمہ داریاں انجام دینے سے قاصر ہوں۔‘‘ بعد ازاں اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا کہ انہوں نے استعفیٰ قبول کر لیا ہے تاہم آئین کے مطابق، وہ بنگلہ دیش کے عبوری صدر کے فرائض انجام دیں گے اور آئندہ 90 دن کے اندر نیا صدر منتخب کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈھاکہ سے شائع ہونے والے اخبار دی ڈیلی اسٹار کے مطابق، میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا کہ شہاب الدین نے رواں سال مئی میں برطانیہ میں طبی علاج کے دورے کے دوران ہندوستان میں مقیم بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ سے فون پر بات کی تھی حالانکہ شہاب الدین نے ان میڈیا رپورٹوں کی تردید کی ہے البتہ انہوں نے دی ڈیلی اسٹار کو استعفے کی وجہ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ ’’میں صحت کی مختلف پیچیدگیوں میں مبتلا ہوں۔ اس وقت میرے پاس مزید کچھ کہنے کو نہیں ہے۔‘‘
محمد شہاب الدین نے 9 مئی سے 18 مئی تک لندن میں قیام کیا تھا۔ انہیں اپریل 2023 میں وزیر اعظم شیخ حسینہ نے مقرر کیا تھا۔ محمد شہاب الدین کی مدتِ صدارت 2028 میں ختم ہونے والی تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel