پاکستان نے ہندوستانی دعویٰ مسترد کر دیا
پاکستانی دفتر خارجہ نے ہندوستانی میڈیا ادارے کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران ایک کالعدم تنظیم بھی امدادی سرگرمیوں میں لگی ہوئی ہے۔
ہندوستانی روزنامے ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کاررائیوں اور عطیات جمع کرنے میں مصروف ہے جسے پاکستان کے دفتر خارجہ نے یکسر مسترد کر دیا۔
پاکستان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد واضح طور پر بھارتی میڈیا کی خبر کا متن مسترد کرتا ہے۔
بیان میں ہندوستانی میڈیا کے اس اقدام کو پاکستان کے حوالے سے اُس کے متعصبانہ رویے سے تعبیر کرتے ہوئے اُسے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ ’یہ بدقسمتی ہے کہ جہاں عالمی برادری متحد ہوکر قدرتی آفت کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان کی مدد پر توجہ دے رہی ہے وہیں بھارت کے چند میڈیا ادارے امدادی کاوشوں پر شکوک پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے لیے غیر منافع بخش اور غیرسرکاری تنظیموں کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے پاکستان نے مضبوط ریگولیٹری اور نگرانی کا طریقہ کار اپنایا ہے۔