پاکستان میں اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس
پاکستان میں اہم سیاسی فیصلوں کے لئے وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں حکومتی اتحاد کی جماعتوں کے اس اجلاس میں ن لیگ کے قائد نواز شریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے کچھ رہنماؤں نے بھی آن لائن شرکت کی اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ زیرسماعت مقدمات میں تازہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اجلاس میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے التوا سے متعلق سپریم کورٹ میں جاری کیس کی سماعت کے پیش نظر پیدا ہونے والی صورتحال خاص طور سے زیر غور آئی۔ یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بلایا تھا ۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ 3 رکنی بنچ کے فیصلے کو قبول نہیں کریں گے اور انہوں نے بنچ کے بائیکاپٹ کا بھی اعلان کیا ہے۔
پاکستان میں سپریم کورٹ کی 3 رکنی بینچ، پنجاب اور کے پی میں اسمبلی انتخابات کے التوا کے کیس کا سماعت کر رہی ہے ۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی فل بینچ، دو ججوں کی علیحدگی کی وجہ سے دوبار ٹوٹی اور تیسری بینچ کی تشکیل کے بعد سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان، اس کیس پر گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور ان کی آواز بھی بھرّا گئی۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی میں اسمبلی انتخابات کو اکتوبر تک ملتوی کردیا تھا جس پر پی ٹی آئی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئین شکنی قرار دیا تھا۔