اسرائیل کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے، پاکستان کے وزیر خارجہ
پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں وزارت خارجہ میں پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پریس کانفرنس کی۔ اس پریس کانفرنس میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اب تک بڑی تعداد میں عورتیں اور معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں، ہم غزہ پٹی کے محاصرے کی مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے، ہم شہری آبادی پر حملوں اور غزہ پٹی کے محاصرے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے، اس کو چاہئیے کہ فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان 1967ء سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست چاہتا ہے۔ پاکستان کے نگراں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے سلسلے میں پاکستان کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، ہوئی ہے اور یہ کہ مشرق وسطیٰ میں فلسطین کے مسئلے کا حل نکالنا انتہائی ناگزیر ہے۔