پاکستان: سینیٹ میں فوج اورسیکیورٹی افسران کیخلاف پروپیگنڈے پر سزا کی قرارداد منظور
سینیٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق سینیٹ نے پاکستانی فوج اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کرنے والوں کو سخت سزا دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں متعدد بلز پیش کیے، پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے افواج پاکستان کے حق میں ایک قرارداد پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سرحدوں کے تحفظ و دفاع میں مسلح افواج اور دفاعی ایجنسیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، فوج اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگینڈا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
سینیٹ کا ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی قرارداد کی تحریک انصاف کے ارکان نے بھی حمایت کی۔
بعد ازاں سینیٹ اجلاس کل صبح 10٫30 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔