پاکستانی شہریوں کا قتل ایران اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے: پاکستانی وزیر خارجہ
پاکستان کے وزیر خارجہ نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں نو پاکستانی شہریوں کے قتل کو دشمنوں کی اختلاف ڈالنے کی پالیسی کے تحت اقدام قرار دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں ایران اور پاکستان کی سرحد کے قریب واقع شہر سراوان میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے نو پاکستانی شہریوں کے قتل پرافسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ گھناؤنا دہشت گردانہ حملہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے جو کہ ہمارے مشترکہ دشمنوں کے توسط سے انجام دیا گیا ہے۔
انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے ایران کی حکومت سے اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی درخواست کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے بھی سراوان میں نو پاکستانی شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دے دیا گيا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مقتولین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روزقبل کو مسلح دہشت گردوں نے ایران کے سرحدی شہرسراوان کے مضافاتی علاقوں میں نو پاکستانی شہریوں کو قتل کردیا تھا اس واقعے میں تین پاکستانی زخمی بھی ہوئے تھے۔