Feb ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں اتحادی حکومت بنانے پراتفاق

مسلم ليگ نون کے قائد نے شہبازشریف کو وزیراعظم اور مریم نواز کو وزیراعلی پنجاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ ن لیگ کے قائد نوازشریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم جبکہ مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، ق لیگ، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔
مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی اور دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آپس میں مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے اور پاکستان کو مشکلوں سے نکالیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معیشت، دہشت گردی یا مفاہمت سمیت پاکستان میں جو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں، ان کا حل نکالیں گے۔ آصف زرداری نے پی ٹی آئی کو مفاہمتی عمل میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ میں چوہدری شجاعت حسین کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے آج ہم سب کو یہاں مدعو کیا اور آج ملک کے سیاسی زعما اس لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں کہ ہم قوم کو بتا سکیں کہ ہم اس وقت ایک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران ہم ایک دوسرے کے خلاف بات کرتے ہیں، اپنا موقف اور منشور پیش کرتے ہیں، وہ مرحلہ اب ختم ہوچکا اور اب پارلیمان معرض وجود میں آنے والی ہے تو اب ہماری جنگ اس ملک کے چیلنجز کے خلاف ہے۔

ٹیگس