Feb ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • ارکان سندھ اسمبلی کی حلف برداری کے موقع پر شیلنگ، لاٹھی چارج  اور گرفتاریاں

نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کی حلف برداری کے موقع پرالیکشن میں دھاندلی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج پر پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے عام انتخابات کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سندھ اسمبلی کے حلف برداری کے لیے منعقدہ اجلاس کے روز شہر بھر میں جگہ جگہ احتجاج کیا گیا جس کی وجہ سے شاہراہ فیصل سمیت دیگر مرکزی سڑکوں اور راستوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا اور دور دور تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں ۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ کراچی میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران جمعیت علمائے اسلام کے رہنما راشد سومرو زخمی ہوئے ہیں، ان پر حملے کے ذمہ دار  وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ ہیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی اور دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران اسمبلی کے قریب جمع ہونے والے جی ڈی اے کے کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ گرفتاری سے قبل پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے کارکن پولیس کی جانب سے لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے ریڈ زون  میں داخل ہو گئے۔

ریڈ زون میں احتجاج کرنے والے مظاہرین میں خواتین بھی شامل ہیں، جن میں سے کچھ کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا ۔ احتجاج کے شرکا انتخابات میں دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو سندھ اسمبلی کی جانب بڑھنے سے روکا، تصادم کے دوران مرد و خواتین مظاہرین کو گرفتار کرکے موبائل میں ڈالنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

ٹیگس