Mar ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • شمالی وزیرستان میں دہشتگردانہ حملہ، لیفٹننٹ کرنل سمیت 7 اہلکار جاں حق، صدر اور وزیراعظم نے کی حملے کی مذمت

پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق ہونے والے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں لیفٹننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت سات فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے، جوابی کارروائی میں چھ دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 16 مارچ کی صبح، چھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق ہونے والے فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسی طرح وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرِستان میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد حملوں کے سبب سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ٹیگس