Apr ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۰ Asia/Tehran
  • غزہ کے حوالے سے ایرانی موقف کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: پاکستانی وزیر اعظم

شہباز شریف نے کہا کہ صدر ایران کا دورہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات 76 سال سے نہیں بلکہ اس وقت سے ہیں جب ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے 1947 میں پاکستان کو تسلیم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر ایران کا دورہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے اور ایران کے صدر مشہد اور تہران جیسے بڑے اور خوبصورت شہروں سے اسلام آباد تشریف لائےآئے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ آج وقت آگیا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں اور ایران اور پاکستان کے بارڈر کو تجارتی روابط کیلئے پر رونق بنائیں اور ایران و پاکستان کی دوستی کو فروغ دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم نے اقتصادی ترقی کے حوالے سے جو فیصلے کئے اس کے ثمرات بہت جلد سامنے آئیں گے۔

پاکستان کےوزیراعظم نے کہا کہ ایران نےغزہ کے حوالے سے جو موقف اپنایا ہے ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اسلامی ممالک کو  اور او آئی سی کو چاہئیے کہ وہ فلسطین اور غزہ کیلئے بھر پور آواز بلند کریں تا کہ جلد ہی فلسطین کا دارالحکومت بیت المقدس بن جائے۔

ٹیگس