May ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  •  ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پرپاکستان کی تاکید

پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج کابینہ کا اجلاس ، وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی وزیراعظم کی زیرقیادت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر غور کیا گیا ۔

پاکستانی کابینہ کے آج کے اس تجارتی اجلاس میں کابینہ کے اراکین منجملہ وزیرتجارت، وزیرپٹرولیم، وزیرخزانہ ، وزیرسرمایہ کاری و فائنانس سمیت بینکنگ و دیگر مالی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

اس اجلاس میں پاکستانی حکام نے وزیراعظم شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے ساتھ دوطرفہ تجارت سے متعلق کلیئرنس میکانیزم کے سلسلے میں تازہ ترین صورت حال سے باخبر کیا۔

اس اجلاس میں کہا گیا کہ ایران اور روس نے اصولی طور پر کلیئرنس میکانیزم کو آپریشنل بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

کابینہ کے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نئی تجارتی پالیسی مرتب کر کے بیرونی فریقوں کے ساتھ تجارتی و اقتصادی لین دین کو آسان بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹر کی بھرپور حمایت کی جائے گی ۔

پاکستانی کابینہ کی اقتصادی کوارڈی نیٹر کمیٹی نے فروری دوہزار بائیس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان کلیئرنس میکانیزم کے پروگرام پرعمل درآمد کی منظوری دی اور اس کے ایک مہینے بعد پاکستان کی وزارت تجارت نے دونوں ملکوں کے درمیان کلیئرنس میکانیزم کو قابل عمل بنانے کے لئے قانون و ضوابط وضع کئے ۔

بائيس اپریل کو اسلامی جمہوریہ ایران کے دورہ پاکستان کے موقع پر ایران اور پاکستان نے باہمی تعاون کے آٹھ سمجھوتوں پر دستخط کئے۔

ایران اور پاکستان کے سربراہاں مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تجارت کو فروغ دینے ميں مدد کی غرض سے مشترکہ اقتصادی توسیعی منصوبوں پرعمل درآمد، آزاد تجارت کے معاہدوں پر دستخط کے عمل ميں تیزی لانے اور باہمی تجارتی حجم کی رقم دس ارب ڈالر تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔

ٹیگس