کشمیر کی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب؟
کشمیر کی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر ٓکی حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور حکومت نے تمام مطالبات منظور کر لئے ہیں۔
مذاکرات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ کشمیر میں صارفین کو بجلی پیداواری لاگت پر مہیا کی جائے گی، آٹے پر بھی سبسڈی دی جائے گی، وزرا اور دیگر کی مراعات کم کی جائیں گی۔ تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہٓ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے تیسرے روز بھی احتجاج جاری رکھتے ہوئے کاروباری مراکز بند، پہیہ جام ہڑتال کر رکھی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مہنگی بجلی کے خلاف ہونے والا احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے، احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں ہوئیں اور فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق اور 3 اہلکار زخمی ہو گئے ۔ پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔