Jul ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۸ Asia/Tehran
  • ہم حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں: صدر پاکستان  آصف علی زرداری کی مسلم لیگ ن کو انتباہ

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف قرض لے کر عوام کا امتحان لیا جارہا ہے جبکہ مسلم لیگ ن سے حکومت نہیں چل رہی، ہم حکومت بنانا اور گرانا جانتے ہیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق لاہور میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے رہنماؤں نے صدر سے پارٹی کارکنوں کے کام نہ ہونے کی شکایت کی۔

رہنماؤں نےآصف علی زرداری سے شکوہ کیا کہ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت تعاون نہیں کر رہی، ہمیں ہمارا پورا حق نہیں دیا جا رہا۔ ٹکٹ ہولڈرز نے شکایت کی کہ انتخابی حلقوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے، ہم بھی ووٹ حاصل کرتے ہیں ووٹرز کو مطمئن کرنا پڑتا ہے۔

آصف علی زرداری نے رہنماؤں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ اب خود میدان میں آگیا ہوں، اسلام آباد ہو یا لاہور سب سے کام کرواؤں گا، کوئی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کے مقابلے کی نہیں ہے، میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے یہ میں ثواب سمجھتا ہوں۔

آصف زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لیکر عوام کا امتحان لیا جارہا ہے، ن لیگ سے حکومت نہیں چل رہی۔ ہم حکومت بنانا بھی جانتے ہیں اور گرانا بھی، ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی بلکہ اب باہر نکلنے کا وقت ہے۔

ٹیگس