Sep ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے: پاکستان

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے اور پاک ۔ روس اعلیٰ سطح کے رابطوں سے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے دفتر خارجہ میں روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ روسی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، روس کے ساتھ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے، باہمی احترام اور مفاد پر مبنی دوطرفہ تعلقات مثبت راہ پر گامزن ہوئے ہیں جبکہ پاک ۔ روس اعلیٰ سطح کے رابطوں سے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک ۔ روس تجارتی اور معاشی تعلقات میں اضافہ خوش آئند ہے، روس کے ساتھ عوامی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں روسی نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک نے کہا کہ پاک ۔ روس سفارتی تعلقات کو 75 سال ہوگئے ہیں، اسحٰق ڈار سے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی، جبکہ اکنامک یونین میں پاکستان کی شمولیت پر تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ روسی وزیر اعظم کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ جو پاکستان کے ساتھ دوستی کا دعوی کرتا ہے اسے پاکستان اور روس کے بڑھتے تعلقات پر تشویش ہے اور عمران خان نے بطور وزیر اعظم پاکستان جب روس کا دورہ کیا تو اس کی حکومت ختم کرنے کیلئے امریکہ نے سازشیں شروع کردیں اور عمران خان نے کئی بار اپنی تقریروں میں واضح طور پر کہا تھا کہ امریکہ نے میری حکومت ختم کی۔

ٹیگس