شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں پاکستان کے وزیر اعظم کا عشائیہ
شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں دو روزہ سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہو رہا ہے اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا ۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے عشائیے میں شرکت کے لیے آنے والے تمام سربراہان مملکت اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔
بدھ کے روز ایس سی او میں شامل رہنما جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے، جہاں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ رہنما شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے بھی کریں گے۔
اجلاس میں شریک رہنماؤں کی جانب سے مختلف دستاویزات پر دستخط کے بعد وزیر اعظم اپنے اختتامی کلمات پیش کریں گے۔ اس کے بعد، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایس سی او کے سیکریٹری جنرل ژانگ منگ کے ساتھ دو روزہ سربراہی اجلاس کی جھلکیوں اور نتائج پر بات کرنے کے لیے میڈیا بیانات دیں گے۔ جبکہ بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف شرکت کرنے والے رہنماؤں کے لیے سرکاری ظہرانہ بھی دیں گے۔