Oct ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: خودکش حملے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق و زخمی

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس اور آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ ’اسلم‘ پر خودکش حملےمیں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: خیبر پختونخوا کے سینئر پولیس آفیسر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑادیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 4 پولیس اہلکار، 2 فوجی اور دو عام  شہری شامل ہیں ۔ دھماکے میں چیک پوسٹ کے ساتھ ساتھ ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے خیسور میں سابق سینیٹر مولانا محمد صالح شاہ کے گھر کے باہر دھماکا ہوا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب حملہ آوروں نے مکان کی دیوار کے ساتھ بم نصب کیا تھا، بم دھماکے ہونے سے مکان کا ایک حصہ تباہ ہو گیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ٹیگس