ایران اور پاکستان کے مشترکہ دشمن ہیں اور یہ دشمن، اسرائيل کے دوست بھی شمار ہوتے ہیں: پاکستانی حکام
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے دورہ پاکستان میں اس ملک کے اعلی حکام سیاسی اورعسکری شخصیات سے مالاقاتیں کیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے ایران کے وزیرخارجہ کے دورہ اسلام آباد کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت انجام پا رہا ہے کہ جب علاقے کے حالات کی وجہ سے عالم اسلام اس وقت حساس دور سے گذر رہا ہے اور ہم اپنے ایرانی برادران کے ساتھ صلاح و مشورے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کرنے کے بعد دونوں ملکوں کے وفود کے درمیان مذاکرات کے موقع پر ایران کے وزیرخارجہ کی پاکستان میں موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس دورے کو اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے ایرانی اور دوست برادران کے دورہ اسام آباد پر خوشی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
انھوں نے سید عباس عراقچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ دورہ ایک ایسے وقت انجام پا رہا ہے کہ جب علاقے کے حالات کی وجہ سے عالم اسلام اس وقت حساس دور سے گذر رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے دورہ اسلام آباد میں پاکستانی فوج کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں فریقین نے دو طرفہ تعاون، علاقے کے حالات اور متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔
سید عباس عراقچی اور جنرل عاصم منیر نے ایران اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات و تعاون اور علاقے کے حالات اور مشترکہ سرحدوں کی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب پاکستان کی سینیٹ کے خارجہ تعلقات کمیشن کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان، غاصب صیہونی حکومت سے لاحق خطرات کے مقابلے میں ایران کی سفارتکاری اور علاقے میں امن و استحکام کے لئے ایران کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کی ہم مذمت کرتے ہیں اور اسلام آباد ایران کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔
عرفان صدیقی نے مشرق وسطی، مسئلہ فلسطین اور غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی پر بعض اسلامی ملکوں کی خاموشی اور غیر منطقی رویے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے دشمن اور سر فہرست غاصب صیہونی حکومت، انسانی وقار اور حرمت، انسانی حقوق، اور جمہوریت کو ہرگز کوئی اہمیت نہیں دیتی اور امریکہ اور اس کے اتحادی اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہو کر کبھی درست سمت میں نہیں رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں نے فلسطینیوں کی مدد کے لئے کوئی راستہ اختیار نہیں کیا اور ہم ایران کی سفارتکاری پر فخر کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ دشمن ہیں جنھوں نے دونوں ملکوں کے لئے خطرات پیدا کر رکھے ہیں اور یہ دشمن، اسرائيل کے دوست بھی شمار ہوتے ہیں بنابریں ان دشمنوں کے مقابلے میں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔