Dec ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۳:۱۲ Asia/Tehran
  •  کرم گرینڈ جرگہ ختم؟ پاراچنار ٹل مین روڈ 68 دنوں سے بند

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کی صورت حال کے باعث پاراچنار ٹل مین روڈ پچھلے 68 دنوں سے ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے، جس کے باعث شہری پریشان ہیں جبکہ اپر کرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہونے سے اشیائے خورد و نوش کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق سہولت اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث اسپتالوں میں اموات کا خطرہ بڑھ گیا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دی جانے والی ادویات خارش اور ملیریا کی تھیں، روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے دوائیاں مکمل ختم ہوچکی ہیں، پچھلے 3 دنوں میں نمونیا سے 3 بچے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

مقامی عمائدین کے مطابق اپر کرم کے تقریباً چار لاکھ آبادی علاقے میں مخصور ہوکر رہ گئی ہے، ہزاروں افراد کے ٹکٹ اور ویزے ایکسپائر ہوگئے۔

ماہرین تعلیم کے مطابق قبائلی جھڑپوں اور روڈ بندش نے تعلیم اور اقتصاد کو تباہ کر دیا۔

اس درمیان جرگہ ٹوٹنے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں جس پر خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، مزید مشاورت کے لیے ایک دن کا وقت مانگا ہے، جرگہ ٹوٹنے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہوسکتی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث علاقے میں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی کوششوں سےمسئلےکےحل کےلیےسنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،امید ہےچند دنوں میں مسئلہ ختم اورعلاقے میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔

ٹیگس