پہلگام کے حالیہ واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے تبادلۂ خیال کیا ہے
Apr ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ نے کسی بھی اشتعال انگیز اقدام اور کشیدگی سے اجتناب پر تاکید کی ہے
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے علاقے میں کشیدگي کم کرنے کے لئے ایران کی کوششوں کو سراہا ۔ پاکستانی نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے جمعہ کو ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور پہلگام واقعے کے بعد کی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پہلگام کے حالیہ واقعے کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات اور دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ صورتحال سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور ہندوستان کے الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ پاکستانی وزيرخارجہ نے ہندوستان کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیز اقدام سے خبردار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایرانی کوششوں کو سراہا۔ پاکستانی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں کل منعقد ہونے والے ایران امریکہ مذاکرات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
