پاکستان: ہندوستان کے ساتھ فوجی کشیدگی میں ہونے والے جانی نقصان کے سرکاری اعداد و شمار جاری
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کےمختلف علاقوں پرہندوستان کے میزائل حملوں میں 40 شہری جاں بحق ہوئے
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی فوج نے آج بروز منگل کہا ہے کہ رات کے وقت پاکستان کے کئی علاقوں پر ہندوستانی میزائل حملوں میں 40 شہری جاں بحق ہوئے تھے جبکہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکار جاں بحق اور 78 زخمی ہوئے۔ پاکستان نے’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے نام سے جوابی حملہ کیا۔
پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے بدھ7 مئی کی صبح ہندوستانی میزائل حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کیا، اور پھر ہفتہ، 10 مئی کی صبح ہندوستان کے متعدد مقامات پر پاکستان کی میزائل کارروائیوں کا اعلان کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر ہندوستانی میزائل حملوں میں 7 خواتین اور 15 بچوں سمیت 40 شہری جاں بحق اور 10 خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 دیگر زخمی ہوئے۔

پاکستانی فوج نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج نے آپریشن "بنیان مرصوص" کے ذریعے ہندوستانی جارحیت کا مناسب اور درست انداز میں جواب دیا۔ بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ ملک کی خودمختاری یا ارضی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا پاکستان کی طرف سے فوری، جامع اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی علاقے پہلگام میں دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ہندوستان نے اس واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام لگا کر اس پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں پاکستان کے مختلف علاقوں اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں نو مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے جواب میں، پاکستان نے "بنیان مرصوص" نامی آپریشن کے دوران میزائل، ڈرون اور توپ خانے سے ہندوستان اور اس کے زیر کنٹرول کشمیر میں 26 پوائنٹس کو نشانہ بنایا۔ پاکستانی فضائیہ نے اعلان کیا کہ اس نے 8 مئی کی صبح ہونے والے حملوں کے جواب میں 3 فرانسیسی رافائیل طیاروں سمیت 5 ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے۔