پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: سی ایم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف اورایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے ایران اسرائیل جنگ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی، ان کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کا پاکستان ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کرتے ہیں جب کہ زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو آئی اے ای اے کے تحفظ کے تحت تھیں، یہ حملے آئی اے ای اے کے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
وزیر اعظم نے دوران گفتگو امن کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات اور سفارتکاری آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے، کشیدگی میں کمی کیلئے فوری اجتماعی کوششیں ناگزیز ہیں ، اس تناظر میں پاکستان تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔