ایران کوعظیم کامیابی پرمبارکباد
پاکستان کے وزیرداخلہ محسن نقوی نے تہران میں سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تہران میں سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد کوخوش آئند قرار دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: محسن نقوی نے کانفرنس کے انعقاد پر ایران اورعراق کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایران کو حالیہ عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور ہم ایران کے دفاعی حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام مشکل وقت میں ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور آئندہ بھی ایران کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ایران کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی، عراق کو بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔
محسن نقوی نے پاکستانی زائرین کی دیکھ بھال کرنے پر ایران اور عراق کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔