Jul ۲۷, ۲۰۲۵ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • نو سال بعد پاکستانی وزیر خارجہ کی اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات، اسلام آباد واشنگٹن کے ساتھ مضبوط ترین تعلقات چاہتا ہے: اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ بھی مضبوط ترین تعلقات چاہتا ہے، ان تعلقات کو چین کے ساتھ پاکستان کی برادرانہ پارٹنرشپ کے لینس سے نہ دیکھا جائے۔

سحرنیوز/پاکستان: نیویارک میں پاکستانی امریکی کمیونٹی سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے پچھلی امریکی انتظامیہ پر بھی واضح کیا لیکن انہوں نے پاکستان سے رابطے نہیں کیے، موجودہ امریکی انتظامیہ پاکستان سے بات چیت کر رہی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ 9 سال بعد پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی ہے، مارکو روبیو سے علاقائی اور عالمی امور پر بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، ہم افغانستان کے خیر خواہ ہیں، ان کی ترقی و خوش حالی چاہتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتی کوششوں کی بدولت معیشت میں نمایاں بہتری آئی، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں۔ نائب پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ میں نمایاں بہتری آئی ہے، تمام عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کے معترف ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں معاشی استحکام آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مزید چھ ماہ رہتی تو ملک ڈیفالٹ کرچکا ہوتا، تحریک عدم اعتماد ایک مشکل فیصلہ تھا جو ہم نے ملک کی خاطر کیا تھا۔ 

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس ماہ کیلئے سلامتی کونسل کی صدارت کے لیے منتخب ہوا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان سفارتی سطح پر بھی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، پاکستان دنیا میں تنازعات کا پُرامن حل چاہتا ہے۔

 

ٹیگس