امریکہ کا میزائل تجربہ مؤخر، وجہ سامنے آ گئی
پینٹاگون کےحکام نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق تائیوان کشیدگی کے تناظر میں امریکہ نے چین کے ساتھ بڑھتے تناؤ سے بچنے کے لیے منٹ مین 3 (Minuteman III) میزائل کا تجربہ مؤخر کر دیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بین البر اعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کچھ روز کے لیے مؤخر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی اخبار کے مطابق اس خبر پر پینٹاگون حکام کا ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورۂ تائیوان کے بعد اہم بین الاقوامی جہاز رانی کے راستوں کو گھیرتے ہوئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے چین نے تائیوان کے گرد اب تک کی سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع کردیں۔
چین کی فوجی مشقوں پر امریکہ نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ تائیوان میں امریکی مداخلت اور چین کے سخت رد عمل کے بعد امریکہ اور چین کے مابین جاری کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔