Sep ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے دستبردار ہونے والے نہیں: یورپ

یورپی کاؤنسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

ارنا نیوز کے مطابق یورپی کاؤنسل کے سربراہ چالز مائکل نے قطر کے الجزیرہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باوجود اس کے یورپ کی پیش کردہ تجاویز کے سلسلہ میں کچھ منفی نشانیاں پائی جاتی ہیں مگر ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

اس سے قبل امریکی سکیورٹی کاؤنسل میں اسٹریٹیجک تعلقات کے کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا تھا کہ ہم ابھی جامع ایٹمی معاہدے کی بحالی کے لئے کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی فی الحال وہ معاہدے کے نتیجے تک پہنچنے کے لئے کوئی ڈیڈ لائن معین نہیں کر سکتے اور جب معاہدہ ہو جائے تو سبھی اُس سے آگاہ ہو جائیں گے۔

اسی سلسلے میں امریکی ایوان صدر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین جین پیرے نے بھی بدھ کے روز پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ ایران کے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور اگر ایران دوہزار پندرہ کےمعاہدے پر عملدرآمد پر تیار ہو جاتا ہے تو امریکہ بھی اسکی بحالی کو آمادہ ہے۔

خیال رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے گزشتہ روز واضح کیا کہ تہران، ایٹمی معاملات کے سلسلے میں ملک کی ریڈلائنز سے ذرہ برابر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پابندیوں کو ناکارہ بنانے کے ساتھ ساتھ مذاکرات کو جاری رکھنے پر مبنی قائد انقلاب اسلامی کی ہدایات پر صدر ایران رئیسی زور دیتے ہیں اور وزارت خارجہ پوری قوت کے ساتھ اسی راستے پر گامزن ہے۔

 

ٹیگس