May ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • مغرب یوکرینی فوج کے جنگی جرائم میں برابر کا شریک ہے: روس

روس نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے میں مغرب کا ہاتھ بھی بے گناہوں کے خون میں ڈوبا ہوا ہے۔

 سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نیبنزیا نے سلامتی کونسل کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک یوکرین کو مزید تباہ کن ہتھیار فراہم اور کی ایف کی افواج کو اپنی سرزمین میں ٹریننگ دے رہے ہیں جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ نہ صرف مغربی ممالک جنگ کے ایک فریق کی حیثیت سے میدان میں اترے ہیں بلکہ یوکرینی فوج کے جنگی جرائم میں براہ راست ملوث ہیں۔ 
واسیلی نبنزیا نے کہا کہ مغربی ممالک نے یوکرین کو اپنے ہتھیاروں کے ٹیسٹ بیڈ میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے جو کہ انتہائی غیرشرافتمندانہ اور انسانیت سے دور اقدام ہے۔  روس کے مستقل مندوب نے کہا کہ مغربی ممالک اپنے فیصلوں کو دوسروں پر مسلط کرکے، اپنے عوام کے اربوں ڈالر پر مشتمل ٹیکس کو کی ایف کی جنگ میں جھونک رہے ہیں۔
دریں اثنا اٹلی کے وزیر جنگ گوئیڈو کروسیتتو نے بتایا ہے کہ اس ملک میں بھی یوکرینی فوجیوں کو ٹریننگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ساڑھے تین ہزار کے قریب اطالوی فوجیوں کو نیٹو کی مشرقی سرحدوں کی جانب روانہ کیا جا رہا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اٹلی بھی یورپی یونین کے اس پروگرام کا حصہ بن رہا ہے جس کے تحت یوکرینی فوجیوں کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔  اٹلی کے وزیر جنگ نے کہا کہ چھے سو بکتر بند گاڑیاں، برّی افواج کے لئے ضروری وسائل، بحریہ کے پانچ یونٹ اور فضائی دفاعی سسٹم ان کے بقول مشرقی محاذ کی جانب بھیجے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزارت جنگ نے دعوی کیا ہے کہ روس نے کی ایف کے قریب واقع جس پیٹریاٹ میزائلی سسٹم کو نشانہ بنایا تھا اس کی مرمت مکمل ہوگئی ہے۔
پینٹاگون کی نائب ترجمان سبرینہ سنگھ نے جمعرات کو دعوی کیا کہ اس دفاعی سسٹم کو بحال کردیا گیا ہے۔ 
قابل ذکر ہے کہ روس نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ کنژال سوپر سانک میزائل کے ذریعے امریکی پیٹریاٹ دفاعی یونٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا جو کہ باریک بینی کے ساتھ اپنے ہدف سے جا ٹکرایا۔ 
بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت پیٹریاٹ فضائی دفاعی سسٹم کے دو یونٹ یوکرین میں نصب ہیں جس میں سے ایک امریکہ نے کی ایف کو دیا ہے اور دوسرا یونٹ جرمنی اور ہالینڈ کی جانب سے مشترکہ طور پر یوکرین میں نصب کیا گیا ہے۔ 
فوجی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹریاٹ سسٹم کو نشانہ بنانے سے امریکہ میں بنائی گئی اس دفاعی سسٹم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ چکے ہیں اور اس کی  مارکیٹ داؤ پر لگ گئی ہے۔

ٹیگس