Dec ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • غزہ جنگ میں اسرائیل کے اہداف کیا ہیں، اردن کے وزیر خارجہ کا اہم انکشاف

اردن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے اہداف غزہ سے آگے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: اردن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے لوگوں کو اس علاقے سے نکالنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کے غزہ سے آگے کے اہداف ہیں۔

فارس نیوز کے مطابق، اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے 10 دسمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک اجلاس میں کہا کہ اسرائیل کے اہداف صرف غزہ تک محدود نہیں ہیں۔

انہوں نے 11ویں What Now for the Middle East"  " اجلاس میں، جو کئی عرب اور مغربی ممالک کے وزرائے خارجہ، دانشوروں اور حکام کی موجودگی میں منعقد ہوا، کہا کہ غزہ جنگ کو اسرائیل کی طرف سے غزہ کو خالی کرانے کی ایک ہدفمند کوشش قرار دیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی غاصبانہ پالیسی، غزہ کے لوگوں کو ملک بدر کرنے کی سمت بڑھنے پر اصرار کرتی ہے۔

ایمن الصفدی نے غزہ میں جنگ کو روکنے کی کوششوں اور یہاں کے باشندوں کے مصائب کے خاتمے نیز وہاں رونما ہونے والی انسانی تباہی کے بارے میں بھی بات کی اور شہریوں کے تحفظ اور اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔

اردن کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل دنیا کے خلاف ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے اور غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انہوں نے امریکہ سے اسرائیل پر مزید دباؤ ڈالنے کی اپیل کی۔

ایمن الصفدی نے یہ بھی کہا کہ جب تک اسرائیلی قبضہ جاری رکھے گا، کوئی سلامتی نہیں ہوگی اور امن و امان صرف قبضے کے خاتمے سے ہی قائم ہوگا۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے نفرت کی ایک لہر پیدا کر دی ہے جو خطے میں آنے والی نسلوں تک منتقل ہو گی۔

ٹیگس