Dec ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
  • غزہ میں جنگ بندی سے کم کا کوئی بھی اقدام، مظلوم عوام کا قتل عام جاری رہنے کا باعث بنے گا: انسانی حقوق

انسانی حقوق کی تنظیموں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ نہ کئے جانے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قرارداد پر کڑی تنقید کی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: انسانی حقوق کی تنظیموں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ نہ کئے جانے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قرارداد پر کڑی تنقید کی ہے۔

سیو دی چلڈرن انسٹی ٹیوٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر جیسن لی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کی جانے والی قرارداد پر کہ جس میں غزہ میں جنگ بند کئے جانے کی ضرورت پر زور نہیں دیا گیا ہے، ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے کم کا کوئی بھی اقدام، اس علاقے کے نہتھے اور مظلوم عوام کا قتل عام جاری رہنے کے علاوہ فلسطینیوں کے مسائل و مشکلات منجملہ وبائی امراض پھیلنے اور قحط و بھوک مری بڑھنے کا باعث بنے گا۔

آکسفیم تنظیم نے بھی اعلان کیا ہے کہ سلامتی کونسل میں ہونے والی ووٹنگ میں کئی روز کی تاخیر کے بعد سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد میں غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کا فقدان ظالمانہ اور ناقابل درک ہے۔

بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سرانجام قرارداد کے ایک ایک جملے پر ایک ہفتے کی کشمکش اور تکرار نیز بحث و مباحثے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعے کو ووٹنگ میں دو ارکان کی عدم شرکت اور تیرہ ووٹوں کی حمایت سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں غزہ کے لئے فوری امداد کی ترسیل پر زور دیا گيا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی یہ قرارداد ایسی حالت میں منظور کی گئی ہے کہ حالیہ دنوں کے دوران اس قرارداد پر ووٹنگ چار بار ملتوی ہوئی۔

ٹیگس