Jan ۰۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • کرمان میں دہشتگردی کی عالمی سطح پر مذمت، ایران کے عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار

سانحہ کرمان کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے اور عراق، قطر، سعودی عرب، عمان، کیوبا اور وینزوئلا سمیت بہت سے ملکوں نے ایران کے عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی حکومت کرمان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت اور ایرانی حکومت کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت کا موقف مکمل طور پر تشدد، دہشت گردی اور مجرمانہ اقدامات کے خلاف ہے، چاہے ان کے محرکات اور وجوہات کچھ بھی ہوں۔ قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ کی حکومت سانحے کرمان میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، حکومت اور ایرانی قوم کو تعزیت پیش کرتی ہے اور اس حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہے۔
عمان کی وزارت خارجہ نے بھی اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کر کے سانحے کرمان پر حکومت ایران اور ایرانی عوام سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت کی تمنا کی ہے۔ عمان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی اور تشدد کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔ سعودی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گيا ہے کہ ہم ایران میں عام شہریوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں ایرانی عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا گيا ہے۔
یمنی علماء کونسل نے بھی کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر دہشت گردانہ بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس کے علاوہ، وینزوئلا، آئرلینڈ، کیوبا جرمنی ، نیکارا گوا اور دیگر بہت سے ملکوں نے سانحہ کرمان پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا ہے۔
 

ٹیگس