Jan ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran

امریکہ اور یورپ کے مختلف شہروں میں ہزاروں لوگوں نے مظاہرہ کرکے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعلان اورغزہ پٹی پرصیہونی حکومت کے حملے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

سحرنیوز/دنیا: فلسطینی عوام کی حمایت میں ہونے والے یہ مظاہرے پیرس، روم، میلان اور ڈبلین میں ایک ساتھ منعقد ہوئے جبکہ لندن، آمسٹرڈم اور واشنگٹن میں بھی ایسے ہی مظاہرے ہونے کی خبریں ہیں۔ آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلین کے مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور مغربی حکومتوں کے موقف کی مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے فلسطین کو آزاد کرو کے نعرے لگا رہے تھے ۔اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی سیکڑوں مظاہرین غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے جمہوری اسکوائر پر بھی عوام نے غزہ جنگ فورا بند کرنے، محاصرہ ختم کرنے اور صیہونی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔  مارچ کے دوران مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ غزہ سے پیرس تک استقامت جاری ہے۔ برطانیہ میں بھی مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے یمن پر لندن و برطانیہ کے حملوں اور غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مخالفت میں مسلسل چودہویں ہفتے مظاہرے کئے۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں فلسطینی جھنڈا اٹھائے ہوئے تھے اور نعرے لگا رہے تھے کہ غاصبانہ قبضہ ختم کرو، فلسطین کو آزاد کرو۔ بعض مظاہرین، امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کی بلاقید وشرط حمایت پر احتجاج کے لئے اپنے چہروں پر رشی سونک اور بائیڈن کی شکل کے ماسک لگائے ہوئے تھے اور خون سے رنگین ہاتھ اوپر اٹھائے ہوئے تھے۔ ہالینڈ میں بھی سیکڑوں لوگوں نے دارالحکومت آمسٹرڈام میں مظاہرہ کرکے فلسطینیوں کی حمایت کا اعلان کیا اور غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی۔ مظاہرین نے جنوبی افریقہ کی جانب سے ہیگ کی عالمی عدالت ميں اسرائیل کے خلاف مقدمے کی حمایت کی اور کورٹ سے صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف اقدام کرنے کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس