Jan ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • روس نے یوکرین کے مسئلے پر مذاکرات کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کر دیا

روس کے ایوان صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ روس، یوکرین کے مسئلے پر مذاکرات کے لئے آمادہ ہے اور وہ سفارتکاری کے ذریعے اپنے اہداف حاصل کئے جانے کو ترجیح دیتا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کے ایوان صدر کے ترجمان دیمتری پاسکوف نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بارہا کہا ہے کہ ماسکو، یوکرین کے سلسلے میں مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم ماسکو کے اہداف حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس بات کو ترجیح دیتے ہیں کہ اپنے اغراض و مقاصد سفارتکاری سے حاصل کریں اور اگر مقاصد حاصل نہ ہوئے تو جب تک مقاصد پورے نہیں ہوں گے فوجی کارروائی کا سسلہ جاری رکھا جائے گا۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی حال ہی میں کہا تھا کہ ہم ہراس شخصیت سے مذاکرات کے خواہاں ہیں جو منصفانہ طریقے سے عدل و انصاف کی خواہاں ہوگی اور روس اور یوکرین کے درمیاں امن چاہتی ہو گی۔

دوسری جانب امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ادرین واٹسن نے بلومبرگ سے گفتگو میں کہا ہے کہ واشنگٹن یوکرین کے بارے میں ماسکو کے موقف میں آنے والی تبدیلی سے باخبر نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بات کا دارومدار خود یوکرین پر ہے کہ وہ کس طرح سے اور کب روس کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔

ٹیگس