Mar ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • روس: ماسکو میں ہونے والے دہشت گرانہ حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد 150 ہوگئی

روس کے دارالحکومت ماسکو میں کنسرٹ ہال میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 150 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 120 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: روسی مقامی میڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں سے چار اس حملے میں براہ راست شامل تھے۔

روسی ایجنسیاں اور کئی لیڈروں کا الزام ہے کہ اس حملے کے تار یوکرین سے جڑے ہوئے ہیں البتہ دہشت گرد گروہ داعش نے ایک بیان جاری کر کے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

دریں اثنا روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ چار مشتبہ افراد کو مغربی روس کے علاقے برانسک سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ علاقہ یوکرین کی سرحد کے کافی قریب ہے۔ مقامی خبر رساں ایجنسی تاس نے روس کے ایف ایس بی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور سرحد عبور کر کے یوکرین جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ تاس کے مطابق ایف ایس بی کے سربراہ نے ہفتے کے روز صدر ولادیمیر پوتین کو گرفتاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ حملہ روس میں گزشتہ چند برسوں میں ہونے والا سب سے خطرناک حملہ تھا۔ حملے کے فوراً بعد کچھ روسی قانون سازوں نے یوکرین کی طرف انگلی اٹھائی۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی کے مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی۔

 

ٹیگس