غزہ میں جنگ بندی سے متعلق نئی قرارداد پر ووٹنگ پیر کے روز
امریکہ کی جانب سے پیش کی جانے والی جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کئے جانے کے بعد غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں دوسری قرارداد پر ووٹنگ کو پیر تک کے لئے ملتوی کر دیا گيا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی نئی قرارداد پرووٹنگ، مزید تبادلہ خیال اور مذاکرات ميں امریکہ کے شامل ہونے کی وجہ سے پیر تک کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جمعہ 22 مارچ کو امریکہ نے بھی غزہ میں جنگ بندی پر ایک قرارداد پیش کی تھی لیکن روس، چین نے امریکی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔الجزائر نے بھی قرار داد کے خلاف ووٹ دیا تھا۔
سلامتی کونسل کے پندرہ اراکین میں سے گیارہ نے امریکی قرارداد کی حمایت میں جبکہ تین ملکوں نے مخالفت میں ووٹ دیئے اور ایک ملک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ روس اور چین کا کہنا ہے کہ امریکہ نے جو قرارداد پیش کی تھی اس میں واضح طور پر اسرائيل سے جنگ روکنے کا مطالبہ نہیں کیا گيا تھا ۔