May ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • برطانیہ اور فرانس کے سفیروں کو روسی وزارت خارجہ میں کیوں طلب کیا گیا ؟

برطانیہ اور فرانس کے اس بیان کے بعد کہ وہ یوکرین کے لئے اسلحہ جاتی حمایت جاری رکھیں گے ماسکو میں برطانیہ اور فرانس کے سفیروں کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا گیا ۔

سحر نیوز/ دنیا: برطانوی سفیر نائجل کیسی کی طلبی کے موقع پر روسی وزارت خارجہ نے برطانوی ہتھیاروں کے ساتھ روس پر ضرب لگانے پر مبنی کیف کے حق سے متعلق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون پر شدید احتجاج کیا۔

اس رپورٹ کے مطابق اس موقع پر برطانوی سفیر کو خبردار کیا گیا کہ برطانوی ہتھیاروں کے ساتھ روس پر حملے کا جواب یوکرین اور دوسرے علاقوں میں برطانوی فوجی تنصیبات پر حملے کی صورت میں دیا جاسکتا ہے۔

برطانوی سفیر کی طلبی کے موقع پر روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ کیمرون کے مخاصمانہ بیانات لندن کی اس ضمانت کے ساتھ تضاد رکھتے ہیں کہ کیف بھیجے جانے والے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل روس پر حملے کے لئے استعمال نہیں کئے جائيں گے، بنا بریں برطانیہ عملی طور پر یوکرین میں جاری جنگ میں خود کو ایک فریق سمجھتا ہے۔

ماسکو میں فرانس کے سفیر پیئر لوئی کو منگل کے دن روسی وزارت خارجہ میں طلب کیا گيا، وہ وزارت خارجہ کی عمارت میں داخل ہونے کے بعد تقریبا چالیس منٹ کے بعد اس عمارت سے باہر نکلے اور انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرنے سے گریز کیا۔

روسی وزارت خارجہ نے نیٹو اور فرانس کے فوجی یوکرین بھیجے جانے کے امکان سے متعلق میکرون کے بیانات کو غیر ذمے دارانہ قرار دیا ہے۔

ٹیگس