Oct ۱۶, ۲۰۲۵ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • 200 فی صد ٹیرف کی دھمکی دے کر ہند پاک جنگ رُکوائی: امریکی صدر ٹرمپ کا نیا شگوفہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے سلسلے میں اب ایک نیا شگوفہ چھوڑا ہے اور کہا ہے کہ انھوں نے دونوں ملکوں کے رہنماؤں کو 200 فی صد ٹیرف کی دھمکی دے کر یہ جنگ رُکوائی تھی۔

سحرنیوز/دنیا: واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریر میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے بارے میں ایک بار پھر دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "جب میں نے دیکھا کہ جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے تو میں نے دونوں ملکوں کے رہنماؤں سے رابطہ بر قرار کیا اور سخت لہجے میں کہا کہ اگر جنگ نہیں رُکی تو پھر امریکہ ان کی اشیا پر 200 فی صد ٹیرف لگا دے گا۔" ٹرمپ کے بقول، اگلے ہی دن دونوں ملکوں نے کشیدگی کم کرنے کا فیصلہ کیا اور تصادم کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ "میں نے 8 مہینے میں 8 جنگیں رُکوائیں اور یہ کہ شاید ہی کسی امریکی صدر نے اتنے کم وقت میں ایسا کیا ہو۔"  ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی پالیسیوں نے صرف جنوبی ایشیا میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر خطّوں میں بھی جنگیں رُکوانے میں مدد کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نوبل امن انعام نہ ملنے کا درد ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ انہوں نے دنیا کے کئی ملکوں کے درمیان جنگیں رُکوائیں لیکن نوبل امن انعام سے انہیں محروم رکھا گیا۔ صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کو اب بھی امید ہے کہ آئندہ برس انہیں نوبل انعام دینے پر غور کیا جائے گا۔

ٹیگس