Nov ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۵ Asia/Tehran
  • چین کی طرف سے ایٹمی توانائی سے پُرامن استفادے کے ایران حق کی حمایت کا اعادہ

اطلاعات کے مطابق ایران اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونی گفتگو ہوئی ہے جس میں چین نے ایک بار ایٹمی توانائی سے پُرامن استفادے کے ایرانی حق کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلی فونی رابطہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کا ملک ایٹمی توانائی سے پُرامن استفادے کے ایران کے  حق کی حمایت کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کا حل نہ نکلنا بین الاقوامی معاشرے کے فائدے میں نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے سیاسی حل میں موجود جمود بین الاقوامی براداری کے مشترکہ مفادات کے فائدے میں نہیں ہے۔

 چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر ایران کی جانب سے ایک بار پھر زور دیئے جانے کی  قدردانی کی۔ انھوں نے اسی کے ساتھ ایٹمی توانائی سے پُرامن استفادے کے ایران کے حق کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ بیجنگ کو امید ہے کہ مذاکرات کے سبھی فریق ایران کے ایٹمی مسئلے پر مذاکرات کی راہ  کھولنے کے تعلق سے اپنا رابطہ باقی رکھیں گے۔

 

ٹیگس