روس کے خلاف پابندیوں کے غیر مؤثر ثابت ہونے کے بعد امریکہ بوکھلاہٹ کا شکار
روس کے خلاف پابندیوں کے غیر مؤثر ثابت ہونے کے بعد امریکہ نے اس کے اتحادیوں کے خلاف اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن روس پر پابندیاں عائد کرنے کی آخری حد تک پہنچ چکا ہے اور اب سے امریکہ کی توجہ ماسکو کے اتحادیوں اور اس کے شیڈو فلیٹ پر مرکوز ہوگی۔ یوکرینی نیوز ایجنسی یو بی این کے مطابق مارکو روبیو نے مزید کہا کہ واشنگٹن نئی پابندیوں کے بجائے موجودہ پابندیوں کی تعمیل کو یقینی بنانے اور خاص طور پر شیڈو فلیٹ سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ شعبہ مستقبل میں پابندیوں کی توجہ کا مرکز ہوگا، امریکہ کے یورپی شراکت داروں کو بھی اس سلسلے میں زیادہ فعال کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ "جہازوں کا ایک بڑا حصہ ان کی سرزمین کے قریب سے گزرتا ہے۔"
قابل ذکر ہے کہ شیڈو فلیٹ ایک اصطلاح ہے جو تیل بردار جہازوں اور تجارتی بحری جہازوں کے ایک ایسے نیٹ ورک کے لئے استعمال ہوتی ہے جسے روس مغرب کی پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔ یہ بحری جہاز عام طور پر گمنام ہوتے ہیں اور بغیر کسی پرچم یا واضح ملکیت کے حرکت کرتے ہیں۔