ہندوستان کے امن پسند موقف پر مودی کی تاکید
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے روس اور یوکرین کی جنگ کے بارے میں نئی دہلی کے موقف کے بارے میں امریکہ کے تنقیدی بیانات کے جواب میں کہا ہے کہ دنیا جانتی ہے ہندوستان کی اصل ترجیح امن ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: نریندر مودی منگل کے روز امریکہ کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں ان کا یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔
نئی دہلی نے جنگ یوکرین کے حوالے سے اپنے دیرینہ اتحادی روس کی مذمت کرنے سے گریز کیا ہے اور ماسکو کے ساتھ اپنی تجارت میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔
دوسری جانب امریکہ بھی تیزی کے ساتھ ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنا رہا ہے کیونکہ وہ انڈین پیسیفک ریجن میں چین کی طاقت اور نفوذ کو روکنا چاہتا ہے۔
ایسنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل اخبار وال اسٹریٹ جرنل سے بات چیت میں یوکرین پر روس کے حملے پر ہندوستان کے موقف کے بارے میں امریکہ میں تنقیدی بیانات کے جواب میں کہا کہ میرا ایسا خیال نہیں ہے کہ امریکہ کے اندر اس طرح کا احساس زیادہ وسیع ہوگا۔
وال اسٹریٹ جرنل نے مزید لکھا ہے کہ نریندر مودی نے اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی اداروں میں تبدیلیوں کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان اداروں کو چند قطبی دنیا کے نظام کے ساتھ خود کو ہم آہنگ بنانا چاہیے اور ذمہ دارانہ طرزعمل اختیار کرنا چاہیے۔