Oct ۲۳, ۲۰۲۳ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
  • بشن سنگھ بیدی- 2013۔ دہلی
    بشن سنگھ بیدی- 2013۔ دہلی

ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹ کھلاڑی، ممتاز اسپن گیند باز اور سابق کپتان بشن سنگھ بیدی کا آج دہلی میں انتقال ہوگیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان میں جاری عالمی کرکٹ کپ مقابلوں کے دوران مایہ ناز کرکٹر، ممتاز اسپنر اور سابق کپتان بشن سنگھ بیدی کے انتقال کی خبر سے کرکٹ دنیا سوگوار ہے اور دیگر اہم شخصیات کے علاوہ صدرجمہوریہ اور وزیر اعظم نے بھی ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وہ 77 برس کے تھے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بشن سنگھ بیدی نے سنہ 1966 سے 1979 تک اپنے کیرئیر میں 67 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 266 وکٹیں حاصل کیں۔ بی ایس بیدی نے 22 ٹیسٹ میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ 1970 کے عشرے میں ہندوستان میں چار اہم اسپن گیندبازوں کا ایک مشہور حلقہ ہوا کرتا تھا جس میں بشن سنگھ بیدی کے علاوہ ایراپلی پرسنا، بی ایس چندر شیکھر اور ایس وینکٹ راگھون بھی شامل تھے۔ اسپنروں کے اس حلقے یا چوکڑی نے ہندوستان کی اسپن گیندبازی کی تاریخ میں ایک طرح سے انقلاب برپا کردیا تھا۔

ہندوستان کے اس ممتاز اسپن گیندباز نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کلکتہ میں کھیلا جو 31 دسمبر سنہ 1966 سے 5 جنوری 1967 تک جاری رہا تھا۔ بشن سنگھ بیدی نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ لندن میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جو سنہ 1979 میں 30 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاری رہا تھا۔  

ہندوستان کی صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے بشن سنگھ بیدی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، صدر جمہوریۂ ہند نے کہا کہ بشن سنگھ بیدی ان چند کھلاڑیوں میں شامل تھے جنھوں نے اسپن گیندبازی کا مرتبہ بڑھا کر اسے ایک فن پارہ بنا دیا تھا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی معروف کرکٹ کھلاڑی بشن سنگھ بیدی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، جناب مودی نے کہا کہ بشن سنگھ بیدی، کرکٹ کھلاڑیوں کی مستقبل کی نسلوں کو مسلسل ترغیب فراہم کرتے رہیں گے۔

 

ٹیگس