قطری عدالت میں سزائے موت پانے والے ہندوستان کے 8 سابق افسران کی اپیل منظور، سماعت جلد متوقع
قطر کی عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کی اپیل کو قبول کر لیا ہے اور اس معاملے میں جلد سماعت ہوگی۔
سحرنیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر 2023 کو قطر کی عدالت نے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق افسران کو سزائے موت سنائی تھی۔ اب اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور قطر کی عدالت نے حکومت ہندوستان کی طرف سے دائر کی گئی اپیل منظور کرلی ہے اور جلد ہی اس کیس کی سماعت ہونے کی توقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق قطر کی ایک عدالت نے جمعرات (23 نومبر) کو اپیل کی دستاویزات قبول کر لیں۔ عدالت فی الحال اپیل کا مطالعہ کر رہی ہے۔
سزائے موت پانے والے ہندوستانی بحریہ کے ان سابق افسران پر مبینہ طور پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کا الزام ہے۔ قطر کی نیوز ویب سائٹ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ان افسران پر قطر کی آبدوز کے منصوبے سے متعلق معلومات اسرائیل کو دینے کا الزام ہے۔
ہندوستانی بحریہ سے سبک دوش یہ تمام افسران دوحہ میں قائم الدہرہ کمپنی میں کام کرتے تھے۔ یہ کمپنی ٹیکنالوجی اور مشاورتی خدمات فراہم کرتی تھی۔
مذکورہ کمپنی عمان کی فضائیہ سے ریٹائرڈ اسکواڈرن لیڈر خامس العجمی چلا رہے تھے۔ پچھلے سال ہندوستانی افسران کے ساتھ خامس العجمی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا تاہم انہیں نومبر میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔