امریکی صدر جو بائیڈن کا دورۂ ہندوستان منسوخ، یوم جمہوریہ تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنا دورۂ ہندوستان منسوخ کردیا ہے۔ ان کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان میں امریکی صدر جو بائیڈن کے دورۂ ہندوستان کے بارے میں مختلف قیاس آرائیوں کے درمیان تازہ خبر یہ ہے کہ جوبائیڈن نے اپنا دورۂ ہندوستان منسوخ کردیا ہے۔ آئندہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر ہندوستان نے جو بائیڈن کو دعوت دی تھی۔
امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اس سلسلے میں حکومت ہندوستان کو آگاہ کردیا ہے۔
ابھی کچھ مہینے پہلے ہندوستان میں جی 20 گروپ کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں جو بائیڈن نے بھی شرکت کی تھی۔ اس اجلاس کے موقع پر ہی ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے 26 جنوری 2024 کو یوم جمہوریہ کے جشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے امریکی صدر جو بائیڈن کو شرکت کی دعوت دی تھی۔
ہندوستان میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کے لئے غیر ملکی لیڈر کو دعوت دینے کی دیرینہ روایت ہے۔
اب امریکہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بعض وجوہات کی بنا پر جو بائیڈن یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کے لئے ہندوستان نہیں جا سکیں گے۔