عالمی قدس ڈے کے موقع پر ہندوستان کے شہروں، قصبوں اور گاؤں میں شاندار ریلیاں اور احتجاجی جلسے+ تصاویر اور ویڈیو
ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی سمیت کشمیر کے مختلف علاقوں اور لکھنؤ سمیت کئی بڑے جھوٹے شہروں، قصبوں اور گاؤں سے عالمی یوم قدس کے موقع پر نکلنے والی ریلیوں اور احتجاجی جلسوں کی سامنے آرہی ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: آج 28 مارچ، 2025 اور ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے عنوان سے عالمی یوم القدس کے موقع پر ہندوستان کے مختلف علاقوں میں عالمی قدس ڈے کے موقع پر شیعہ سنی مسلمانوں نے پورے اتحاد کے ساتھ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کئے اور شاندار ریلیاں بھی نکالیں۔

اس سال عالمی یوم القدس خاص اہمیت کا حامل تھا، کیونکہ دہشت گرد اسرائیل ڈیڑھ سال کے دوران غزہ میں پچاس ہزار سے زیادہ بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہا چکا ہے، جن میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتیں کی ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کے انسانیت کو شرمسار کردینے والے جرائم میں امریکا، برطانیہ اور کچھ مغربی ممالک پوری طرح برابر کے شریک ہیں۔

اس دوران ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کرگل ضلع میں عالمی یوم القدس کے موقع پر بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالی گئی جن میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق، کرگل ضلع ہیڈ کوارٹر پر سب بڑی ریلی امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل اور انجمن جمعیت العلمااثناعشریہ کے زیر اہتمام نکالی گئی، یہ ریلی اثناعشریہ چوک سے برآمد ہوکر مین بازار سے ہوتے ہوئے مسجد حنفیہ چوک سے گزرتے ہوئے بلتی بازار سے واپس اثناعشریہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

جلوس میں شامل مظاہرین امریکہ ،اسرائیل اور برطانیہ کے خلاف نعرے لگارہے تھے اور اسی طرح غزہ کے مظلوم عوام کے حمایت میں بھی نعرے لگارہے تھے،اثناعشریہ چوک پر علمائے کرام نے طوفان الاقصیٰ اور اسلامی نقطہ نظر سے یوم القدس کے اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ادھر امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے بینر تلے عالمی یوم القدس کے موقع پر جامع مسجد کرگل سے علمائے کرام کے قیادت میں ریلی برآمد کی گئی۔ ریلی میں شامل مظاہرین اپنے ہاتھوں میں غزہ کے معصوم شہیدوں کے فوٹو اور اورپلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر فلسطین کے مظلوم عوام کے حمایت اور اسرائیل وامریکہ کے خلاف الفاظ درج تھے۔

در ایں اثنا ہندوستان کے سب سے بڑے صوبے اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں بھی تاریخی آصفی مسجد میں عالمی یوم القدس کے موقع پر احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور ساتھ ہی ساتھ امریکا اور غاصب صیہونی حکومت کے جھنڈوں کو نذر آتش بھی کیا۔

مظاہرین کوخطاب کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جوادنقوی نے کہاکہ ظالم چاہے کتنا بھی ظلم کرلےبالآخر اس کے مقدر میں مٹ جاناہے ۔تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کے تمام ظالم مٹ گئے لیکن مظلوموں کی یاد اور ان کے کارنامے آج بھی زندہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نتن یاہو اور امریکی صدر چاہے کتنابھی ظلم کرلیں انہیں ہرحال میں شکست ملے گی اور نابودی ان کا مقدر ہوکر رہے گی۔
وہیں ہندوستان کے صوبے بہار کے کشن گنج میں بھی عالمی قدس ڈے کے موقع پر بڑی تعداد میں نمازیوں نے بیت المقدس اور فلسطین کے عوام سے اپنی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔
احتجاج میں شامل لوگوں نے عالمی برادری اور خاص کر عالم اسلام کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھی ایران کی طرح کھل کر فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت میں سامنے آئیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جتنا ظلم غزہ کے عوام کے ساتھ ہو رہا ہے شاید ہی اتنا ظلم کبھی کسنی قوم کے ساتھ ہوا ہو گا۔

اس دوران احتجاج میں شامل لوگ امریکہ مردہ باد،اسرائیل مردہ باد ،برطانیہ مردہ باد ،غزہ کے مظلوموں ہم تمہارے ساتھ ہیں جیسے نعرے لگارہے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کا رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے نام سے موسوم کرنے کا مقصد امت مسلمہ کے نزدیک مسئلہ فلسطین کو زندہ کرنا اورامت اسلامیہ کو متحرک کرنا ہے۔