پورے ایران کی فضا اسرائیل مردہ باد اورامریکا مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی+ تصاویر اور ویڈیو
تہران اور ایران کے دیگر شہروں اور قصبوں میں بیک وقت "علی العھد یا قدس" کے نعرے کے ساتھ عالمی یوم قدس کی ریلیاں نکالی گئيں جن کے دوران دہشت گرد اور غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرنے کے لیے روزہ دار لوگوں کا امڈتا ہوا سیلاب نظر آیا۔
سحرنیوز/ایران: آج بروز جمعہ 27 رمضان المبارک عالمی یوم قدس کے موقع پر تہران اور ایران دیگر شہروں میں عالمی یوم قدس کی تاریخی ریلیاں نکالی گئیں۔ اس دوران پورے ملک کی فضا اسرائیل مردہ اورامریکا مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی. اس موقع پر ریلیوں میں شریک کروڑوں کی تعداد میں ایرانی عوام نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے صیہونی دہشت گردی کی مذمت کی۔
ایران کی سب بڑی اور مرکزی ریلی دارالحکومت تہران میں نکالی گئی جس میں لاکھوں روزہ داروں نے جن میں مرد و زن بچے بوڑھے اور جوان سبھی شریک تھے "امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے ظالموں کے ایوان ميں لرزہ طاری کیا۔

تہران میں عالمی یوم قدس کی ریلی مختلف راستوں سے تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ کے مقام پر اختتام پذیر ہوئي تہران کی ریلی میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت دیگر اعلی سول اور فوجی حکام نے بھی عوام کے شانہ بشانہ شرکت کرکے مظلوم فلسطینیوں سے اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کی۔
جہاں عوام کے بہت بڑے اجتماع سے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نےخطاب کیا جس میں انہوں نے غزہ اور فلسطین میں صیہونی حکومت کے انتہائی وحشیانہ مظالم کی مذمت کرتے ہوئے ان جرائم میں امریکا کو برابر کا شریک قرا ردیا اور نام نہاد متمدن مغربی دنیا کی مجرمانہ خاموشی کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

اگست 1979 کو امام خمینی (رح) نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم قدس کے نام سے موسوم کیا اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور اسلامی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دن صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف ایک آواز ہوکر مظاہرہ کریں تاکہ فلسطینی عوام کی سرزمین سے صیہونی حکومت کو نکالا جا سکے۔