May ۰۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر بھی شدید فائرنگ کا تبادلہ, ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ کی صورتحال

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ کی صورتحال میں دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر بھی شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور دونوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا اور حکام نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سرحدی علاقوں میں ہندوستانی فوجی تنصیبات پر حملے کئے جنھیں ناکام بنادیا گیا ہے اس درمیان ہندوستانی فوج اور حکام نے یہ بھی دعوی کیا ہےکہ پاکستانی فوج نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات اچانک جموں سے لے کر پٹھان کوٹ، جیسلمیر امرتسر بھوج اور دیگرسرحدی علاقوں پر حملے شروع کردئے ہندوستان نے دعوی کیا ہے کہ جموں پر بہت سے میزائل فائر کئے گئے اس حملے میں پاکستان نے ڈرون کا بھی استعمال کیا ہے تاہم ہندوستانی فوج نے ان حملوں کو ناکام بنادینے کا دعوی کیا۔

دوسری جانب پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام جموں سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں پاکستانی حملوں سے متعلق خبریں بے بنیاد ہيں۔ اس درمیان پاکستان کی جانب سے بھی دعوی کیا جارہا ہے کہ ہندوستان نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وہاڑی پاکپتن اور اوکاڑہ شہروں میں ڈرون سے حملے کئے جن میں پاکستانی فوج کے دعوے کے مطابق پانچ ہندوستانی ڈرونزکو مار گرایا گيا۔ اس درمیان کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر سرحد کے قریب شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا ہے۔

ہندوستان کا دعوی ہے کہ پاکستان نے کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر رہائشی علاقوں پر گولہ باری کی ہے جس میں متعدد عام شہری مارے گئےہيں۔ دوسری جانب پاکستان نے بھی الزام لگایا ہے کہ ہندوستانی فوجیوں نے ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ ایل او سی پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ میں متعدد عام شہری مارے گئے ہيں۔ اس درمیان دونوں ملکوں کے حکام کی جانب سے بھی الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔

خطے میں حالات انتہائي کشیدہ ہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے گذشتہ روز نئی دہلی میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم چاہتے ہيں خطے میں کشیدگی جلد سے جلد ختم ہو کیونکہ امن سے ہی خطے کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہوسکے گی اور ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی کم اور ختم کریں گے۔

ٹیگس