ہندوستان کے دفتر خارجہ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی دباؤ سے ایٹمی جنگ روکنے اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعہ میں امریکی ثالثی کے بارے میں ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو دو طرفہ مسئلہ قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان کا دیرینہ موقف یہ رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہندوستان اور پاکستان کا دو طرفہ مسئلہ ہے اور اسے نئی دہلی اور اسلام آباد دو طرفہ طریقے سے ہی حل کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے امریکہ کے اس دعوے کی بھی تردید کی ہے کہ امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان کو تجارت بند کرنے کی دھمکی دے کر جنگ بندی پر مجبور کیا ہے۔ اسی طرح ہندوستان کے اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ایک رپورٹ میں تاکید کی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں ٹرمپ کا براہ راست کوئي کردار نہیں رہا ہے ۔ البتہ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ پاکستان کے خلاف فوجی کاروائی کے آغاز سے ہی ہندوستان اور امریکہ کے حکمرانوں کے درمیان گفتگو جاری رہی ہے تاہم اس گفتگو میں تجارت کے مسئلے پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔