ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے آسمان میں گونجے فلسطین کی حمایت میں نعرے، مظاہرین نے مودی حکومت کو بنایا تنقید کا نشانہ
ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں فلسطین کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کے بہیمانہ جرائم کے خلاف زوردار مظاہرہ ہوا۔
سحرنیوز/ہندوستان: فلسطین کی حامی بی ڈی ایس انڈیا تنظیم کے زیر اہتمام یہ مظاہرہ دہلی کے جنترمنتر پر ہوا جہاں مختلف ادیان و مذاہب کے سیکڑوں پیروکاروں نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کوئی ملک یا قوم نہیں بلکہ سامراجی طاقتوں کی حمایت سے بنی ایک فوجی چھاؤنی ہے۔ انہوں نے فلسطین اور صیہونی حکومت کے سلسلے میں ہندوستان کی مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارا ملک نسل کشی کرنے والی حکومت کے ساتھ قریبی تعلقات بنائے ہوئے ہے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، صیہونی آبادکاروں کا نہیں ہے کہ جنہیں سامراجی طاقتوں نے وہاں لاکر بسا دیا ہے۔ صیہونی آبادکاروں کا فلسطین کی سرزرمین پر کوئی حق نہیں بنتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ جنگ نہیں، نسل کشی ہے اور فلسطینی عوام کو مزاحمت اور اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔
بی ڈی ایس انڈیا تنظیم کے زیر اہتمام ہوئے زبردست احتجاج میں شامل لوگوں نے سات اکتوبر دوہزار تیئیس کے حوالے سے اسرائیل کی گڑھی ہوئی روایت کو دہرانے پر ملکی میڈیا اور سیاسی حلقوں کو سخت ہدف تنقید بنایا اور اُسے کھلا جھوٹ قرار دیا۔
مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے بعض مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال یہ تھا کہ تمام ممالک مل کر فلسطین کو آزاد کریں گے مگر آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ فلسطین ساری دنیا کے لوگوں کو حریت و آزادی کی طرف لے کر جا رہا ہے اور اُس نے ساری دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں۔