Oct ۲۹, ۲۰۲۵ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ٹرمپ کا آپریشن سندور پر 56 واں دعویٰ لیکن ’56 انچ کا سینہ‘ اب بھی خاموش، کانگریس کا طنز

ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے سینیئر لیڈر جے رام رمیش نے حکمراں جماعت بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے، بقول ان کے، آپریشن سندور پر 56 واں دعویٰ کردیا ہے لیکن ’56 انچ کا سینہ‘ اب بھی خاموش ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق کانگریس رہنما جے رام رمیش نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ خطاب پر طنزیہ ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ٹرمپ نے جنوبی کوریا میں ’آپریشن سندور‘ پر ایک بار پھر دعویٰ دوہرایا ہے اور یہ 56 واں موقع ہے جب انہوں نے ایسا کیا ہے۔ جے رام رمیش نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’56 انچ کا سینہ‘ اب بھی خاموش ہے۔

جے رام رمیش نے بدھ کے روز اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ یہ صدر ٹرمپ ہیں جو ابھی چند منٹ قبل جنوبی کوریا میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سمٹ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس بار ان کی بات پہلے سے کہیں زیادہ تفصیلی تھی۔ یہ 56 ویں بار ہے کہ صدر ٹرمپ نے، بقول ان کے، ’آپریشن سندور‘ کی اچانک روک پر گفتگو کی ہے لیکن خود کا ’56 انچ کا سینہ‘ کہنے والا اب پوری طرح سُکڑ چکا ہے اور بُری طرح  بے نقاب ہونے کے باوجود خاموش ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ جے رام رمیش کا اشارہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس مشہور فقرے کی طرف تھا جس میں انہوں نے اپنے ’56 انچ کے سینے‘ کا ذکر کیا تھا۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا، "میں نے ہندوستان کے وزیر اعظم اور پاکستان کے فوجی سربراہ دونوں سے کہا تھا کہ اگر تم لوگ لڑے تو ہم تمہارے ساتھ کوئی تجارت نہیں کریں گے۔" انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس وقت سات خوبصورت نئے طیارے مار گرائے گئے تھے مگر یہ واضح نہیں کیا کہ کس ملک کے طیارے تھے۔

 

ٹیگس