Dec ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان: گوا کے ایک نائٹ کلب میں دھماکہ، 4 سیاحوں سمیت 25 افراد ہلاک

ہندوستان کی ریاست گوا کے ایک نائٹ کلب میں دھماکہ اور آتش زدگی کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

 سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق گوا کے علاقے ارپورہ میں واقع ایک نائٹ کلب میں گیس سلینڈر میں دھماکہ ہوا اور اس کے بعد آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہو گئے۔

ارپورہ میں واقع برچ بائی رومیو لین کلب میں ہفتے کی رات گیس سلینڈر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے میں 25 افراد کے ہلاک اور 6 کے زخمی ہونے کی رپورٹ ملی ہے۔

اطلاعات کے مطابق  ہفتے کی آدھی رات کو کلب کے باورچی خانے میں گیس سلینڈر پھٹنے کے بعد آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمپلیکس کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آک کے بھڑکتے شعلوں اور دھوئیں کے درمیان وہاں موجود افراد کو فرار ہونے کا موقع نہیں ملا۔

 

آگ تیزی سے پورے باورچی خانے میں پھیل گئی اور اس کا دھواں تہہ خانے تک پہنچ گیا۔ ملازمین کی بڑی تعداد تہہ خانے میں موجود تھی جو معمول کے کام میں مصروف تھی۔ بہت سے ملازمین فرار ہونے کے بجائے تہہ خانے کی طرف بھاگے جو تیزی سے دھوئیں سے بھر رہا تھا۔ زیادہ تر اموات دم گھٹنے سے ہوئی ہیں۔ تین افراد کی لاشیں بری طرح جلی ہوئی پائی گئیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گوا پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد تمام لاشوں کو نکال کر بامبولیم کے گورنمنٹ میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کلب کے مینیجر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

ادھر گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے اسے ریاست کے لیے "انتہائی تکلیف دہ دن" قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ کلب نے آگ سے بچنے کی ضروری تدابیر پر عمل نہیں کیا تھا۔ وزیر اعلی نے تحقیقات کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ "ارپورہ، گوا، میں آتشزدگی کا حادثہ انتہائی افسوسناک ہے۔" "میری ہمدردی ان تمام لوگوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے۔ میری دعا ہے کہ زخمی افراد جلد از جلد صحت یاب ہوں۔"

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

ٹیگس